فنائے مسجد کیا ہے اور معتکف کےلئے اس کا حکم کیا ہے؟
فنائے مسجد کیا ہے اور کیامسجد کے حکم میں ہے ؟
"فنائے مسجد وہ جگہ ہے جو مسجد سے ملحق و متصل ضروریات و مصالح مسجد کے لئے ہو - مثلا وضو خانہ ٬ استنجاء خانہ ٬ جوتے چپل اتارنے کی جگہ وغیرہ
ردالمحتار میں ہے (قوله كفناء المسجد) هو المكان المتصل به ليس بينه و بينه طريق فهو مسجد كالمتخذ لصلاة جنازه او عيد
سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا قادری محدث بریلوی قدس سرہ ارشاد فرماتے ہیں : فناء وہ ہے جو متصل بہ مسجد ہو -
جو دوکان متصل بہ مسجد ہو فقہائے کرام نے اسے بھی فنائے مسجد قرار دیا ہے - فقیہ النفس امام قاضی خان قدس سرہ فرماتے ہیں :
يصح الافتداء لمن قام علي الدكاكين التي تكون علي باب المسجد متصله به
امام اہل سنت سیدی سرکار اعلی حضرت فاضل بریلوی قدس سرہ ارشاد فرماتے ہیں :
دروازہ مسجد پر جو دوکانیں ہیں فنائے مسجد ہیں کہ مسجد سے متصل ہیں
ان تمام ارشادات سے واضح ہے کہ وضو خانہ استنجاء خانہ غسل خانہ جو مدرسہ متصل بہ مسجد ہو وہ سب فنائے مسجد ہے اور فنائے مسجد بعض مسائل میں مسجد کے حکم میں ہے
اور فقہائے کرام نے معتکف کے حق میں بھی فنا مسجد کو مسجد کے حکم میں مانا ہے
اور جب فنائے مسجد معتکف کے لئے مسجد کے حکم میں ہے تو وہاں جانا حدود مسجد سے باہر جانا نہ ہوگا بلکہ مسجد ہی میں آنا جانا ہوگا تو اگر معتکف بلا ضرورت بھی وہاں جائے تو اعتکاف نہیں ٹوٹے گا -
واللہ اعلم با الصواب